نئی دہلی، 8 دسمبر (آئی این ایس انڈیا) بائیں بازو کے لیڈران نے کسانوں کے ’بھارت بند‘ کی حمایت کرتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے سوچ سمجھ کر احتجاجی مقامات سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے اپوزیشن جماعتوں پر سیاسی فوائد کے لئے کسانوں کے مظاہروں کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کے مطالبات درست ہیں۔ سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کہاکہ احتجاج کی جگہوں سے دور رہنا ہمارا دانستہ فیصلہ ہے، اسی لئے ہم نے احتجاجی مقامات پر پارٹی کا کوئی بینر نہیں لگایا۔انہوں نے کہاکہ تاہم ہمارے ممبران پارلیمنٹ ممبران کی حیثیت سے اظہار یکجہتی کے لئے موجود ہیں، ہم اس معاملے پر سیاست نہیں کرنا چاہتے، نہ صرف بائیں بازو کی جماعتوں بلکہ مکمل اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کے سوا کوئی دوسرالیڈر کسانوں کے ساتھ نہیں ہوگا۔یچوری نے کہا کہ پارٹی کارکنان احتجاجی مقامات پر موجود ہیں لیکن ان کے پاس پارٹی بینر یا پوسٹر نہیں ہیں، تاہم مظاہرین کی جگہ پر سیاسی جماعتوں سے وابستہ کسان گروپوں اور ٹریڈ یونینوں کے بینرز اور پوسٹر دیکھے جاسکتے ہیں۔ سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے یہ بھی کہا کہ کسانوں کی تحریک مکمل طور پر غیر سیاسی ہے۔